انتظامی اور ریونیو افسران شہریوں کے مسائل حل کریں‘ ڈپٹی کمشنر

September 17, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) تمام انتظامی اور ریونیو افسران روزانہ اپنے دفاتر میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور اپنے شیڈول میں شہریوں کے مسائل سننے کیلئے وقت مختص کریں۔ سرکاری دفاتر میں شہریوں کا اپنے مسائل کے حل کیلئے درخواستیں لیکر چکر لگانا کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہوگا۔ یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری کو فعال کرنے کیلئے انتظامی اور ریونیو افسران کا اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دینا ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر روزانہ کے معمول میں اپنے دفتر آنے والے شہریوں کی درخواستیں خود وصول کرتے ہیں۔ ادہر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں پولیو ٹیموں کی تربیت آخری مراحل میں ہے۔ تمام پولیو ورکرز کو کووڈ 19ایس او پیز پر عملدرآمد کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ دور افتادہ اور مسافروں کے بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دے کر مسنگ و ریفیوزل کیسز کی تعداد کو صفر تک لایا جائے۔ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ضروری ہے کہ مہم سے وابستہ ہر شخص نہ صرف پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے بلکہ اسے سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پاکستان کو پولیو فری بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں کوشش کی جائے کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ محروم نہ رہے کیونکہ محروم رہنے والا بچہ نہ صرف خود وائرس کا شکار ہو سکتا ہے بلکہ وہ دوسرے بچوں کیلئے بھی خطرے کا باعث بنتاہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام افسران اوپن ڈور پالیسی پر عمل کریں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے ہر شہری کیلئے کھلے رکھیں۔