جوہانا کونٹا کمر کی انجری کے باعث شکاگو اور انڈین ویلز ایونٹس سے باہر ہوگئیں

September 23, 2021

لندن (اے پی پی)انگلینڈ کی نامور ٹینس کھلاڑی جوہانا کونٹانے فٹنس مسائل کے باعث شکاگو اور انڈین ویلز ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹس سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ 30 سالہ برطانوی ٹینس کھلاڑی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی نہیں کھیل سکی تھی۔ جوہانا کونٹا گرینڈ سلام کے اپنے افتتاحی میچ سے چند گھنٹے قبل دستبردار ہو گئی تھی۔جوہانا کونٹا کووڈ -19 ٹیسٹ مثبت آنے پر ومبلڈن اور اولمپکس گیمز سے بھی محروم رہیں ۔انگلینڈ کی یو ایس اوپن چیمپئن ایمارڈوکانو نے ٹائٹل جیتنے کے بعد جوہانا کونٹا سے برطانوی نمبر ایک پوزیشن بھی چھین لی ۔کونٹا اب برطانوی نمبر تین کھلاڑی ہیں۔ شکاگو اوپن ٹینس ایونٹ آئندہ ہفتے شروع ہوگا جبکہ اس کے اختتام پر انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔جوہانا کونٹا نے آخری بار گزشتہ ماہ سنسناٹی میں ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن میں حصہ لیا تھا۔