سپیرہ راغہ روڈ کا کام سست روی کا شکار‘فوری مکمل کیا جائے‘ ن لیگ

September 23, 2021

کوئٹہ (پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدرمحمد رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری نسیم الرحمٰن، جنرل سیکرٹری پشین میروائس کاکڑ، تحصیل ناناصاحب صدر شاہ مسعود کاکڑ، صدر تحصیل کاریزات، عطاء اللہ صدر تحصیل بوستان ملک اختر ،نعیم جمال اوربشیر احمد عبید اللہ نے بیان میں کہا ہے کہ سپیرہ راغہ روڈ پر بلیک ٹاپ کے کام سست روی کا شکار ہے موسم سرما شروع ہونے سے قبل مذکورہ روڈ کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ناناصاحب ،کاریزات، بوستان اوربرشور میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے کیونکہ ان چاروں تحصیلوں میں عوامی نمائندگی چاہے صوبائی سطح پر ہویا قومی سطح پر نہ ہونے کے برابر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع پشین اور قلعہ عبداللہ کے محکمہ تعلیم، لائیواسٹاک اور لیویز کی روکی گئی تمام ملازمتوں پر بھرتی کا عمل فوری شروع کیا جائے گزشتہ دو تین سال سے درخواستیں جمع کرانے کے باوجود ابھی تک بھرتی کا عمل شروع نہ ہونے کی وجہ سے بے روزگار نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے لہٰذا فوری طور پر اس مسئلے کی جانب توجہ دی جائے۔ درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے صوبے کی جانب سے کوئٹہ ڈویژن کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کام اس نام نہاد کمیٹی سے کرایا جارہا ہےوہ کام کوئٹہ ،پشین، قلعہ عبداللہ کی پی بی تحصیلوں کی کابینہ بناکر دیا گیا تھا مگر نامعلوم وجوہات کی بناء پر اب نئی کمیٹی اور چیئرمین بنایا گیا جوغیر آئینی ہے جس کی شکایت مرکزی قائدین سے کی جائے گی۔