پاکستانی اداکاروں کی عوام سے ٹیکس گوشوارے وقت پر جمع کروانے کی اپیل

September 23, 2021

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ کا اعلان ہونے پر پاکستانی اداکاروں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ ملک کی ترقی اور بہبود کے لیے اپنے ٹیکس گوشوارے وقت پر جمع کروائیں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

مختلف سوشل میڈیا پیجز پر ایک ویڈیو شیئر کی جارہی ہے، اس ویڈیو میںمعروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات، عائشہ عمر، بشریٰ انصاری، حنا دلپذیر اور اداکار فیصل قریشی نے عوام سے ٹیکس گوشوارے وقت پر جمع کروانے کی اپیل کی ہے۔


تمام اداکاروں کا عوام کو ٹیکس گوشوار ے وقت پر جمع کروانے کی اپیل کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور اس میںتوسیع ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، اس لیے تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ جس کسی نے بھی ابھی تک اپنے ٹیکس گوشوارے نہیں جمع کروائے، وہ بروقت جمع کروائیں۔‘

تمام اداکاروں نے اس بات پر زور دیا کہ ’ہمیں اپنی حیثیت کے مطابق جو بھی ہوسکے ملک کی ترقی کے لیے کرنا چاہیے اس بات پر بحث کیے بغیر کہ ٹیکس جمع کروانے سے ہمیں کیا حاصل ہوگا یا اس سے کیا فائدہ ہے۔‘

اداکاروں نے مزید کہا کہ ’ہم جتنے بھی ترقی یافتہ ملکوں کی ترقی کو دیکھ کر رشک کرتے ہیں وہاں کی ساری عوام ٹیکس دیتی ہے تو اس لیے ہمیں بھی اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کم سے کم اپنا فرض پورا کرنا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے پر ایک ہزار روپے یومیہ جرمانہ ہوگا جبکہ نان فائلر کو 2 سال تک قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

سالانہ 3 لاکھ سے زائد کاروباری آمدن والے افراد یا ایسوسی ایشنز گوشوارے جمع کرانے کی پابند ہیں۔