عمران خان ملک اور عوام پر رحم کریں‘ارباب عثمان

September 25, 2021

پشاور (جنگ نیوز)سماجی و سیاسی شخصیت ارباب عثمان خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان اور اسکے عوام پر رحم کریں۔ ان کی نااہلی کہ وجہ سے پیسے کی قدر گرتی جارہی ہے اور مہنگائی میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملکی قرضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان عوام سے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ عوام کو بتایا جائے کہ لوٹی گئی دولت کی واپسی کا جو نعرہ انہوں نے لگایا تھا تو کتنی رقم ریکور کی ہے۔ اب اپوزیشن کی گرفتاری کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے تو بتایا جائے کہ انکے پاس ثبوت بھی ہیں یا نہیں۔ اور اگر گرفتاریاں ہوئی ہیں تو اس سے غریب عوام کو کیا فائدہ ہوا۔ جن کو پہلے ہی گرفتار کیاجاچکا ہے ان سے کتنی ریکوری کی گئی ہے۔ جو وعدے کئے گئے ان پر حکومت نے کتنا عملدرآمد کیا ہے۔مراد سعید جو انتخابی مہم کے دوران قرضوں اور لوٹی گئی رقم کی واپسی کے جو دعوے کررہے تھے ان کا کیابنا؟ تاریخی قرضے موجودہ حکومت نے لے لئے اور بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگیا ۔ وزیراعظم عمراں خان کو خود بھی پتہ نہیں کہ کیا فیصلے کرنے ہیں اور جو فیصلہ کرلیتے ہیں یہ نہیں دیکھتے کہ اس کا عوام پر کیا اثر پڑے گا۔ عمران خان کو خوابوں کی دنیا سے باہر نکلنا ہوگا اور حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی نااہلی کی وجہ سے ملک خطرناک صورتحال سے دوچار ہوگیا ہے اور معیشت کی بحالی مشکل نظر آرہی ہے۔کوئی بھی ذمہ دار شخص اپنی نااہلی کو دیکھتے ہوئے ان حالات میں مستعفی ہو جاتا لیکن عمران خان کو ملک اور عوام کی پرواہ ہی نہیں بلکہ اپنی ضد اور انا پر قائم ہیں اور ان کے اس روئیے سے عوام کو نقصان ہو رہا ہے۔