پاکستانی کوہِ پیما شہروز کاشف نے نیا اعزاز اپنے نام کرلیا

September 25, 2021

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے نیپال میں 8 ہزار میٹر سے زائد بلند ایک اور چوٹی مناسلو سر کر کے پانچ ماہ میں تین 8 ہزار سے بلند چوٹیاں سر کر کے تاریخ رقم کردی۔

شہروز کاشف نےپانچ ماہ میں8 ہزار میٹر سے بلند تین چوٹیاں سر کرنے والے واحد کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔

شہروز کاشف نے ہفتے کی صبح 8 ہزار 163 میٹر بلند ’مناسلو‘ چوٹی کو سر کیا ہے جو شہروز کاشف کے کیریئر کی چوتھی چوٹی ہے۔

شہروز کاشف نے پانچ ماہ کے اندر مسلسل تیسری ایسی چوٹی سر کی ہے جس کی بلندی آٹھ ہزار میٹر سے زیادہ ہے جوکہ اس عمر میں سر کرنے کا ایک انوکھا ریکارڈ ہے۔

شہروز کے فیس بُک پیج پر ان کی مہم جوئی کی لائیو اپڈیٹس بھی شیئر کی جارہی ہیں۔

شہروز کاشف کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین جبکہ ماونٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔

شہروز کاشف کے والد کاشف سلمان نے بتایا شہروز کاشف مکمل فٹ اور پرجوش ہیں وہ دو روز تک بیس کیمپ میں پہنچیں گے۔

صوبائی وزیر کھیل رائےتیمور بھٹی نے کوہ پیما شہروز کاشف کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہروز کاشف نے دنیا میں8 ہزار میٹر بلند چوتھی چوٹی سرکی ہے جوایک بہت بڑا کارنامہ ہے اس کم عمری میں ایسی بہادری و دلیری کی مثال نہیں ملتی۔

یاد رہے کہ پاکستانی کوہِ پیما شہروز کاشف دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کر کے سب سے کم عمری میں یہ اعزاز اپنے نام کرکے ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے شہروز کاشف 17 برس کی عمر میں پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی براڈ پیک سَر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بھی ہیں۔