جنرل ندیم رضا کا دورۂ روس، فوجی مشقوں کا معائنہ

September 25, 2021

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے روس کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے ’امن مشن 2021ء‘ مشترکہ فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مشترکہ مشقیں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کی افواج نے کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے ایس سی او کے رکن ممالک کے چیف آف جنرل اسٹاف کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔

اجلاس میں افغانستان کی صورتِ حال اور عالمی و علاقائی سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بین الاقوامی دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے ایس سی او کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

جنرل ندیم رضا نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی شراکت پر اظہارِ خیال کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم کرنا تمام ممالک کی اجتماعی ذمے داری ہے، وہاں امن ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔

جنرل ندیم رضا نے روسی فیڈریشن کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ویلری وی گیرا سیموف اور پیپلز لبریشن آرمی چین کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف جنرل لی زوچینگ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان روس اور چین کے ساتھ دفاعی تعاون آگے بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان یقین رکھتا ہے کہ بہتر تعاون سے بامعنی اور طویل مدتی اسٹریٹجک تعلقات استوار کریں گے۔

امن مشن 2021ء کی اختتامی تقریب ڈونگوز ٹریننگ ایریا اورین برگ ریجن روس میں منعقد ہوئی۔

کرنل جنرل الیگزینڈر لیپین کمانڈر آف سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ روس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

ایس سی او رکن ممالک کے فوجیوں نے مشقوں میں حصہ لیا اور ایک دوسرے سے تجربات شیئر کیئے۔