وزارت بحری امور نے سی پیک کے تحت کراچی کیلیے بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ شروع کردیا

September 25, 2021

وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، سی پیک سے جُڑا یہ منصوبہ صرف کراچی کیلئے کے نہیں، بلکہ پورے ملک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزارت بحری امور علی زیدی کا بتانا ہے کہ کراچی کے لیے ایک بہت بڑا اقتصادی ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ شروع کردیا گیا ہے۔

اس منصوبے سے متعلق فیصلہ اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقدہ سی پیک کی جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کے دسویں اجلاس میں کیا گیا۔

دونوں ممالک نے کراچی کوسٹل کمپری ہینسیو ڈیولپمنٹ زون کو سی پیک میں شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے، یہ منصوبہ بحری امور کی وزارت کا ایک بہترین اقدام ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ کراچی کو ایک انتہائی جدید شہری انفرااسٹرکچر زون فراہم کرے گا، جس سے کراچی پورٹ دنیا کی سرفہرست بندرگاہوں میں شامل ہوجائے گی۔

علی زیدی نے کہا کہ منصوبہ کے پی ٹی کے ساتھ شراکت میں براہ راست چینی سرمایہ کاری سے بنایا جائے گا۔ منصوبے کی متوقع سرمایہ کاری تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر ہے۔ یہ منصوبہ بندرگاہ کے اطراف واقع کچی آبادیوں کے 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو رہائشی سہولت بھی فراہم کرے گا۔

علی زیدی نے توقع ظاہر کی کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے علاوہ عالمی سرمایہ کاروں کیلئے سود مند ثابت ہوگا۔