شہری پٹرول کی غیر ضروری خریداری نہ کریں، وزیر ٹرانسپورٹ

September 27, 2021

لندن (پی اے) وزیر ٹرانسپورٹ نے شہریوں سے کہا ہے کہ پٹرول کی غیر ضروری خریداری سے گریز کریں۔ حکومت نے کہا ہے کہ سپلائی کے مسائل کے باوجود لوگوں کو پٹرول معمول کے مطابق خریدناچاہئے کیونکہ لوگوں کی جانب سے ضرورت سے زیادہ خریداری کے باعث کچھ سٹیشنز بند ہو گئے ہیں۔ بی پی سٹیشنز کی ایک بڑی تعداد اور ایسو کے زیر ملکیت کچھ ٹیسکو الائنس سٹیشنز جمعرات کو ڈیلیوری ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے بند کردیئے گئے۔ تاہم وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس نے کہا کہ ریفائنریز میں پٹرول کی وافر مقدارموجود ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر ضرورت پڑی تو حکومت مدد کرے گی اور ایندھن کے ٹینکر چلانے کے لئے فوج بلائی جائےگی۔ ایک اندازے کے مطابق برطانیہ میں تقریباً 100000 ایچ جی وی ڈرائیوروں کی کمی ہے۔وبا اور بریگزٹ کے خلا سے صورت حال مزید خراب ہو گئی ہے۔ کئی اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت ہنگامی منصوبوں کے تحت فوج کو فیول ٹینکر چلانے کے لئے لانے پر غور کر رہی ہے۔ جب بی بی سی بریک فاسٹ پر اس بارے میں سوال کیا گیا تو مسٹر شیپس نے کہا کہ اگر حقیقت میں فوج بلانے سے مدد ملے تو ہم انہیں لائیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس میں تکنیکی مسائل ہوں گے کہ آیا فوجی اہلکار سویلین گاڑیاں چلانے کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔ روڈ ہولج ایسوسی ایشن (آر ایچ اے) نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ڈرائیوروں کی کمی کو دور کرنے کے لئے مختصر مدت میں غیر ملکی کارکنوں کے لئے ویزا پابندیوں میں نرمی کرے۔تاہم مسٹر شیپس نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ یورپی یونین کی سستی لیبر کے باعث برطانیہ کے لاری ڈرائیوروں کو نظراندازکر دیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل و حمل کی صنعت میں انتظامی مسائل ہیں، جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ پیشہ 99 فیصد سفید فام مرد وں کا ہے، جن کی اوسط عمر 55 سال ہوتی ہے، انہیں خراب حالات کار اور کم اجرت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تنخواہ بڑھ رہی ہے اور نئے ڈرائیوروں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی کا مسئلہ ضرور ہے مگر برطانیہ کی ریفائنریز میں پٹرول اور ڈیزل کی کمی نہیں ہے، کچھ علاقوں میں اسے فورکورٹس تک پہنچانا مشکل رہا ہے۔ یہ مسئلہ ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے ہے، جو پہلے ہی سپر مارکیٹوں سمیت دیگر صنعتوں میں سپلائی کی کمی کا باعث بنا ہے۔ آر ایچ اے کے راڈ میک کینزی نے بی بی سی بریک فاسٹ کو بتایا کہ ہر ہفتے اس میں شامل ہونے کے بجائے زیادہ ڈرائیور پیشہ چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرایچ جی وی ڈرائیوروں کی کمی ہے اور 100000تک کمی ہے، تو یہ ناگزیر ہے کہ جو ہم چاہتے ہیں تو ہمیں وہ تمام چیزیں نہیں ملیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سپلائی ختم ہونے کا معاملہ نہیں ہے۔ سپر مارکیٹ آئس لینڈ، جہاں تقریباً 100 ڈرائیوروں کی کمی ہے، نے موریسنز اور اوکاڈو کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایچ جی وی ڈرائیوروں کو قلت والے پیشوں کی فہرست میں شامل کرے تاکہ غیر ملکی کارکنوں کو موجودہ خلا پُر کرنے کے لئے ہنر مند ویزوں کی درخواست دینے کی اجازت دی جا سکے۔ آئس لینڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر رچرڈ واکر آر ایچ اے کے مسٹر میک کینزی نے کہا کہ ڈرائیوروں کی تاریخی کمی کے باعثانڈسٹری نے 20 ہزار یورپی ڈرائیوروں کو بریگزٹ کی وجہ سے کھو دیا تھاجبکہ وبا نے 40 ہزار ڈرائیور ٹریننگ ٹیسٹ منسوخ کرنے پر مجبور کیا۔