شجاع آباد،تعلیم سے روکنے کیلئے والد اور چچا نےبچی کے بال کاٹ دئیے

September 27, 2021

شجاع آباد (نمائندہ جنگ) شجاع آباد میں والد اور چچا نے تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کیلئے 13 سالہ بچی کے مبینہ طور پر سر کے بال کاٹ دئیے بچی کے والدین میں 5سال پہلے علیحدگی ہوچکی تھی، والد، چچا، دادا اور دادی کیخلاف مقدمہ درج ۔تفصیل کے مطابق بستی عارب والی پل کی رہائشی 13سالہ بچی شجاع آباد کے نجی سکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ ہے۔ بچی کے والدین میں 5 سال پہلے علیحدگی ہوچکی تھی، والد نے بیٹی کو پالنے کا تقاضا کیا اور بیلے والا کے علاقے میں اپنے گھر لے گیا۔ والد اور چچا نے 13 سالہ اقراء کو تعلیم حاصل کرنے سے روکنے کیلئے مبینہ طور پر اقراء کے سر کے بال کاٹ دیے۔ والد اور چچا گھر کے کام کا کروانے پر اقرا والد کو چھوڑ کر والدہ کے پاس آگئی۔ اقراء کا کہنا ہے کہ اسے تعلیم حاصل کرنے کا شوق ہے اور وہ سکول جانا چاہتی ہے لیکن والد اختر اور چچا اللہ رکھا نے تعلیم سے روکنے کے لیے بال کاٹے۔ لڑکی نے گھر والوں اور اہل علاقہ کا ساتھ مل کر احتجاج کیا۔پولیس تھانہ سٹی شجاع آباد نے لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں دو خواتین سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے ۔ملزمان میں لڑکی کا والد‘چچا،دادا اور دادی بھی شامل ہیں ۔