ہم مہاجر ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول

September 28, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے اس سرزمین پر قدم رکھا تو ہندوستان سے پاکستان وجود میں آیا، اپنی قومیت کا اظہار اور اپنے صوبے پر اقرار جاری رہے گا۔ وہ سلسلہ ’’ایام ہجرت‘‘ کے آخری دن ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہاجر ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں، ہم اپنی نسبت کو ایسی ہجرت سے جوڑتے ہیں جس سے مسلمانوں کی تقویم وابستہ ہیں، ہمیں ساری نسبتوں اور ایک نئے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے، ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، ہم ہی واحد سچے پاکستانی ہیں جن کے آباؤ اجداد نے پاکستان بنانے کے لئے 20لاکھ سے زیادہ جانوں کی قربانیاں دیں، آج بھی ریڈ کراس میں ہمارے ہی لوگ مقیم ہیں، جنہوں نے پاکستان بچانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،لیکن ابھی تک بے یارو مددگار بنگلہ دیش کے کیمپوں میں پریشان زندگیاں گزار رہے ہیں، آج ہم ہجرت کے 3 ایام مکمل کر رہے ہیں، لیکن اس کا تسلسل جاری رہے گا، آج کی یہ شب اور ایام ہجرت کی گزری ہوئی شب آپ سب کو مبارک ہو۔