جگمگاتے ستاروں کی کہکشاں

October 12, 2021

20ویں جیو لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کووڈ 19کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے شان دار انداز میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کے نجی اسٹوڈیو میں کیا گیا۔ اس موقع پر ہر طرف رنگ و نور کی برسات ہورہی تھی ۔ تھیٹر، فیشن، موسیقی، ٹیلی ویژن اور فلم سے وابستہ ہنرمند، موسیقار، ڈیزائنر، پروڈیوسر، مصنف، ڈائریکٹر اور فن کاروں کا ایک میلہ لگا ہوا تھا۔

باوجود اس کے کہ اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے مہمانوں اورفن کاروں کی تعداد کو محدود رکھا گیا تھا، فن کار کورونا کی وجہ سے ایک دوسرے سے ملنے کو ترس گئے تھے، سب کے چہرے ایک دوسرے کو دیکھ دیکھ کر مسرت سے دمک رہے تھے۔ خُوشی کی بات ہے کہ جیو لکس اسٹائل ایوارڈز نے اپنے20 برس مکمل کرلیے۔ان 20 برسوں کے دوران اسٹائل ایوارڈز کی تقاریب دبئی، ملائشیا، لاہور اور کراچی میں سجائی گئیں۔ دو تین بار ایسا بھی ہوا کہ ملک کے بدترین حالات اور امن وامان کی خراب صُورت حال کی وجہ سے تقریب نہایت سادگی سے منعقد کی گئی، صرف ایوارڈز یافتگان کو بُلا کر گروپ فوٹو بنوائے اور میڈیا میں ریلیز کردیے گئے ۔

کووڈ کے خوف میں بھی اسٹائل ایوارڈ کا سلسلہ جاری رہا ۔ گزشتہ برس 19ویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب ڈیجیٹل انداز میں کی گئی ۔ اس سلسلے میں فریحہ الطاف اور فرشتے اسلم کی کاوشوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے ہمیشہ ایل ایس اے کی کام یابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے 20 برس گزر گئے، ہر سال باقاعدگی سے ایوارڈز شو کا انعقاد کیا جانا ایک کارنامہ ہے۔ لکس اسٹائل ایوارڈز کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگالیں کہ یہ ایوارڈز جسے ملتا ہے،وہ فن کار اور ہنر مند شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتا ہے۔

پاکستان میں اسے شوبزنس کا سب سے بڑا ایوارڈ ہونے کا درجہ حاصل ہے۔ اب ہم بات کرتے ہیں کہ کووڈ کے رنگوں میں رنگی 20ویں لکس اسٹائل ایوارڈز شو کی۔ اس مرتبہ شو کو تین چارحصوں میں تقسیم کیا گیا، ریڈ کارپٹ کا سلسلہ شام چار بجے سے شروع ہو کر رات گئے تک جاری رہا۔شو کی ریکارڈنگ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تاکہ زیادہ رش نہ لگے۔ سب سے پہلے موسیقی کی کیٹگری کو ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے بعد فیشن اور پھر ٹیلی ویژن کی کیٹگری کو شوٹ کیا گیا ۔ لکس اسٹائل ایوارڈز شو میں اس مرتبہ فلم کی کیٹگری کو شامل نہیں کیا گیا تھا،کیوں کہ کووڈ 19کی وجہ سے گزشتہ دو برس سے سنیما بند پڑے ہیں اور اس دوران کوئی فلم بھی ریلیز نہیں ہوئی۔

البتہ ایوارڈز شو میں سب سے زیادہ رنگ فلمی ستاروں نے اپنی دِل چُھولینے والی پرفارمنس سے جمایا۔ سپراسٹار ماہرہ خان نے تین گیتوں پر دل کش رقص پیش کیے۔ فلم اسٹارمہوش حیات، میراجی ، ریشم، احسن خان ، منشا پاشا، عمران اشرف، شہریار منور اور گلوکار عاصم اظہر کی پرفارمنس اور اداکارائوں کے جلوؤں نے شو کی رعنائیوں میں اضافہ کیا ۔

20ویں جیو لکس اسٹائل ایوارڈ تقریب کا آغاز شہزاد رائے کی آواز میں قومی ترانے سے ہوا۔ شو کی کمپیئرنگ ٹیلی ویژن اور فلم کے چمکتے ستاروں نے کی۔ فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ اور ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کی ہیروئن مہوش حیات، احمد علی بٹ ،منشا پاشا اور احسن خان نے دل چسپ اور عمدہ انداز میں کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیے۔

احمد علی بٹ دوران کمپیئرنگ احسن خان سے چھیڑچھاڑ بھی کرتے رہے۔ سی ای او اور یونی لیور پاکستان کے چیئرمین عامر پراچہ نے لکس اسٹائل کے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔20ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں کسی کی جیت ہوئی، تو کوئی ہار گیا، لیکن سب فن کاروں اور ہنر مندوں نے ایوارڈ یافتگان کو دِل سے مبارک باد دیں۔ نئی نسل کی ابھرتی ہوئی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بہترین اداکارہ کی دونوں کیٹگریز میں ایوارڈز اپنے نام کرکے ایل ایس اے کا میدان مار لیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے 9برس شو بزنس میں کام کرتے ہوئے ہوگئے۔ ناظرین نے مجھے ڈراموں کے چھوٹے چھوٹے کرداروں میں پسند کرکے آج اس قابل کردیا کہ مجھے ایک نہیں دو لکس اسٹائل ایوارڈز ملے ہیں۔ اداکارہ یمنیٰ زیدی اس موقع پر لائٹ جیولری اور میرون رنگ کی لپ اسٹک کے ساتھ کالے رنگ کی میکسی پہنے بہت خُوب صورت نظر آرہی تھیں۔

ایوارڈز جیتنے والوں کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے۔ ویورز چوائس کے مطابق بہترین ڈراما عہدِ وفا، بہترین اداکار دانش تیمور (دیوانگی)بہترین اداکارہ یمنیٰ زیدی (پیار کے صدقے)بہترین OSTسنگر استاد راحت فتح علی خان (عہدوفا) بہترین اداکار بلال عباس (پیار کے صدقے)، دوسری اہم کیٹیگری جیوری کے مطابق بہترین اداکار یمنی زیدی (پیار کے صدقے)، بہترین ڈراما نگار عمیرہ احمد (الف)بہترین ڈراما ڈائریکٹر فاروق رند (پیار کے صدقے) بہترین ٹیلنٹ عرفان صمد خان، موسیقی کے شعبے میں بہترین سنگر عباس علی خان، بہترین گیت ’’بیان ‘‘ (البم تصویر)بہترین وڈیو ڈائریکٹر حمزہ بن طاہر (البم تصویر)فیشن کی دُنیا میں ماڈل آف دی ایئر مشک کلیم اور سچل افضل کام یاب قرار پائے۔ فیشن کی دیگر کیٹگریز میں شہلا چتور،اسماعیل فرید، نجم محمود، سنیل نواب، سارہ ذوالفقار، لائیو اچیومنٹ ایوارڈ بنٹو کاظمی ، یونی لیور چیئرمین لائف ٹائم ایوارڈ گلو کارہ فریدہ خانم کو دیا گیا ۔

ڈراما نگار حسینہ معین مرحومہ کو ڈراموں میں خواتین کو مضبوط کرداروں میں پیش کرنے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا ۔ اس ایوارڈ میں نام ور اداکارہ صبور علی ، حریم فاروق، میرا سیٹھی ،آئمہ بیگ، نئی نسل کے مقبول موسیقار نوید ناشاد، حِبا بخاری،جنون گروپ کے سلمان احمداور فلم ، ٹی وی ، موسیقی اور فیشن کی دنیا کے نام ور ستاروں نے شرکت کرکے رنگ جمایا۔ شوکی ریکارڈنگ شام چار بجے شروع ہو کر رات تین بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہی ۔20ویں لکس اسٹائل ایوارڈز شو جلد ہی جیو کی اسکرین پر پیش کیا جائے گا۔

اسٹائل ایوارڈز کے 20 برس مکمل ہونے پر خصوصی ترانہ پیش کیا گیا!!

لکس اسٹائل ایوارڈز کے 20سال مکمل ہونے پر خصوصی ترانا تیار کیا گیا، جس میں نام ور اسٹارز نے شان دار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔اس ترانے کی ہدایت کاری انور مقصود کے بیٹے گلوکاربلال مقصود نے کی، جب کہ اس گیت میں عاصم اظہر، عائمہ بیگ، عمیر جسوال، نتاشا بیگ اور ینگ اسٹنر نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 میں اس ترانے پر ماہرہ خان، مہوش حیات، میرا، ریشم اور احسن خان نے اپنی پرفارمنس سے مداحوں کے دل موہ لیے۔

حسینہ معین کے فن پر ڈاکیومنٹری پیش کی گئی!!

لکس اسٹائل ایوارڈ کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ اس میں ممتاز ڈراما نگارحسینہ معین کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس موقع پر ان کی فنی خدمات پر خصوصی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

مہوش حیات نے احسن خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا!!

پاکستانی فلموں کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے معروف فن کار احسن خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا اورایک گیت بھی گایا۔ نامور مزاحیہ اداکاراحمد علی بٹ نے ٹھمکے لگا کر احسن خان کو سالگرہ کی مبارک دی۔ احسن خان کی سالگرہ جیو لکس اسٹائل ایوارڈز میں زیر بحث رہی۔

معروف ماڈل مشک کلیم کا ڈریس توجہ کا مرکز بن گیا!!

پاکستان کی معروف ماڈل مشک کلیم نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ وہ ریڈ کارپٹ کی کوئن ہیں۔ جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی تقریب میں وہ ایک خُوب صورت لباس میں نظر آئیں۔ماڈل مشک کلیم، تقریب ایوارڈ میں گلابی رنگ کے خوشنما پھول جیسا ڈریس پہنے ہوئے تھیں، جس میں وہ انتہائی پُرکشش نظر آرہی تھیں اور مداحوں کے توجہ کا مرکز رہیں۔ مداحوں نے ان کا موازنہ باربی کے جدید ورژن سے بھی کیا۔انہیں سال کی بہترین ماڈل کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

فلم اسٹار ریشم کا فریدہ خانم کے گیتوں پر دل کش رقص !!

پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی نامور اداکارہ ریشم نے سنجیدہ اورغزل گائیکی میں منفرد شہرت رکھنے والی منجھی ہوئی گلوکارہ فریدہ خانم کو جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 میں اپنی پرفارمنس سے خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اداکارہ ریشم نے فریدہ خانم کے سدا بہار گیتوں پر پرفارمنس دی، جنہوں نے اس عظیم گلوکارہ کے مداحوں کو جُھومنے پر مجبور کیا۔ علاوہ ازیں جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 میں فریدہ خانم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ماہرہ خان اور حریم فاروق کے ریڈ کارپٹ پر جلوے!!

پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلموں کی نامور اداکارہ ماہرہ خان، جیو لکس اسٹائل ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ پر توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ انہیں آئیوری سلک گاؤن میں بے حد پسند کیا گیا۔ ان کے ساتھ ساتھ اداکارہ حریم فاروق بھی اپنےعنابی لباس میں انتہائی دل کش دکھائی دیں۔

رنگا رنگ ریڈ کارپٹ پر عائشہ عمر کی میزبانی!!

جیو ٹیلی ویژن کی پیش کش، لکس اسٹائل ایوارڈز کے چمکتے دمکتے ایونٹ کے ریڈ کارپٹ کی میزبانی اداکارہ و ماڈل عائشہ عمر، نامور میزبان ڈینو علی اور ان کے ساتھ ساتھ اداکارامر خان نے عمدہ اور دل چسپ انداز میں کی۔