نمازِ عشاء سے قبل چار رکعت کا حکم

October 15, 2021

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ نمازِ عشاء سے قبل چار رکعت کا کیا حکم ہے؟ میں نے سنا ہے کہ حدیث میں ہے کہ یہ چار رکعت تہجد کے برابر ہیں؟

جواب:۔حنفی متون میں عشاء سے پہلے چار رکعت کو مستحب شمارکیا گیا ہے۔ اس لیے ان کا پڑھنا اچھا اورباعثِ اجر ہے۔ جس حدیث کا آپ نے حوالہ دیا ہے، اس کے متعلق محدّث العصر مولانا محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ معارف السنن میں تحریر فرماتے ہیں : ”کبیری“ نے ”حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ“ کی حدیث ” سنن سعید بن منصور“ کی طرف نسبت کرکے نقل کی ہے کہ جس نے عشاء سے پہلے چار رکعت پڑھی، اس نے گویا اس رات تہجد ادا کی‘‘۔

حضرت بنوریؒ فرماتے ہیں کہ سنن سعید بن منصور کی یہ روایت کئی کتابوں میں ،میں نے دیکھی ہے، لیکن ان میں سے کسی میں یہ نہیں ہے کہ یہ فضیلت عشاء سے پہلے چار سنتوں کے بارے میں ہے، بلکہ ان میں یہ ہے کہ یہ فضیلت ظہر سے پہلے چار رکعتوں کے بارے میں ہے۔ (معارف السنن 4/120۔تحقيق اربع قبل العشاء، ط: مجلس الدعوۃ والتحقيق الاسلامی)