آریان خان والدین کے ساتھ ویڈیو کال کے دوران رو پڑے

October 16, 2021

نامور بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اہلِ خانہ سے ویڈیو کال پر بات کرکے پھوٹ پھوٹ کر روپڑے۔

واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

این سی بی کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئی ہے، جس کا پہلے آریان نے انکار کیا لیکن بعد میں اس کا اعتراف بھی کرلیا۔

آریان خان کی 3 سے زائد درخواست ضمانت مسترد ہوچکی ہیں جبکہ ان کی حالیہ درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک کے لیے محفوظ کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب دورانِ حراست آریان خان کی ان کے اہلِ خانہ سے ویڈیو کال پر بات کروائی گئی۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آریان خان نے والد شاہ رخ خان اور والدہ گوری خان سے تقریباً 10 منٹ تک بات کی اور اس دوران وہ والدین کو دیکھ کر روپڑے۔

بتایا گیا ہے کہ والد شاہ رخ اور والدہ گوری اپنے بیٹے کو ویڈیو کال کے دوران دلاسے بھی دیتے رہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ جیل سے آریان خان کو موبائل فون فراہم کیا گیا جہاں سے یہ ویڈیو کال کی گئی تھی۔

آریان سے اُن کے والدین شاہ رخ خان اور گوری خان نے تفصیل سے بات کی اور جیل میں حالاتِ زندگی سے متعلق دریافت کیا تھا۔