رکن پارلیمنٹ کے قتل پربرطانیہ بھر میں سوگ، قومی پرچم سرنگوں

October 17, 2021

ہیلی فیکس(زاھدانور مرز) حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سرڈیوڈ ایمس کو چاقو کے وار سے ہلاک کرنے پر برطانیہ بھر میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ٹاون ھال میں ایم پی سر ڈیوڈ کے قتل کا سوگ منایاگیا جبکہبرطانیہ کا پرچم آج تیسرے روز بھی سر نگوں رہے گا۔ رکن پارلیمنٹ سر ڈیوڈ کے قتل پر برطانیہ کی بیشتر کونسلوں نے بھی سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ برطانو ی وزیزاعظم بورس جانسن اوراپوزیشن لیڈر سمیت اہم شخصیات نےایم پی سر ڈیوڈ کے قتل کی مذمت کی ہے گزشتہ روز وزیراعظم بورس جانسن نے سر ڈیوڈ ایمس کے قتل کے مقام کا دورہ کیا اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سرکئیر اسٹارمر ہوم سیکرٹری پریتی پیٹل اور اسپیکر سر لونڈسےہوئل بھی وزیزاعظم کے ہمراہ تھے ۔وزیزاعظم اور اپوزشین لیڈر نے خاموش کھڑے ہو کر مقتول ایم پی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی ملکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ پولیس نے سر ڈیوڈ ایمس کے قتل کو دہشت گردی قرار دیاہے۔میٹرو پولیٹن پولیس قتل کی تحقیقات کر رہی ہے اس سلسلے میں پولیس نے لندن میں دو گھروں کی تلاشی لی ہے، رکن پارلیمنٹ سر ڈیوڈ ایمس کو جمعہ کے روز پارلیمانی سرجری کے دوران حملہ آور نے چاقو کے وار سے قتل کردیا تھا، قتل کے شبہ میں گرفتار صومالی پس منظر رکھنے والے 25 سالہ شخص برٹش نیشنل ہے، جائے واردات پر مقامی افراد کی طرف سے پھول رکھنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔