ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے کی کوشش ہے،ڈائریکٹر انسانی حقوق

October 17, 2021

کوئٹہ (خ ن)وفاقی وزارت انسانی حقوق اسلام آباد کے ڈائریکٹر عزیز اقبال نے کہا ہے کہ بہتر رپورٹنگ میکانزم نہ ہونے کے باعث صوبائی محکموں کی کارکردگی عالمی اداروں کیلئے مرتب رپورٹس کا حصہ نہیں بن پاتی۔ کوشش ہے کہ جدید میکنزم کو استعمال کرتے ہوئے ملک کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے، جیل ریفارمز، ضلعی سطح پر ہیومن رائٹس کمیٹیز، ایچ آر آئی ایم ایس، زارا ایپ، انسانی حقوق سے متعلق نیشنل ایکشن پلان پر کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزارت انسانی حقوق اور یو این ڈی پی کے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں مختلف محکموں کے ایڈیشنل سیکرٹرز، ڈپٹی سیکرٹریز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، یو این ڈی پی بلوچستان کے سربراہ ذوالفقار درانی، وفاقی وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حماد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عرفان نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر احسن نواز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالوہاب حسنی، ڈیٹا ایڈمنسٹریٹر آفیسر محمد شعیب و دیگر نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ کے پہلے روز وفاقی وزارت انسانی حقوق تربیتی ورکشاپ کے پہلے روز وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حماد اور فوکل پرسن SDGs عرفان نواز نے وزارت انسانی حقوق کے جاری پروجیکٹس اور SDGs کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر وفاقی وزارت انسانی حقوق عزیز اقبال کا کہنا تھا کہ وزارت انسانی حقوق ایکشن پلان کے تحت جیل ریفارمز، بحالی مراکز، سیاسی طور پر بااختیار بنانے، بچوں کے حقوق، زینب الرٹ پر کام جاری ہے۔ تربیتی ورکشاپ آج دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔