پاکستان کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان ان چار ٹیموں میں سے دو ہوں گی جو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی ویڈیو میں ، بازید خان نے بتایا کہ پاک بھارت ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کیوں پہنچیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے آخری چار ٹیموں میں پاکستان کو منتخب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں بہترین ٹی 20 کرکٹ کھیلتا ہے، متحدہ عرب امارات کے حالات پاکستان ٹیم کیلئے کے لیے بہت مناسب ہیں۔
بازید خان کے مطابق پاکستان سمیت بھارت، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔
سابق کرکٹر نے ورلڈ کپ میں اپنے ’ڈریم فائنل‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فائنل بھارت بمقابلہ پاکستان ہوگا اور یہ میچ بہت زیادہ تناؤ کا باعث بنے گا۔