• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کے آریان اور سہانا کیساتھ قیمتی لمحات

ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی رہائی سے قبل بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے اپنے بیٹے آریان اور بیٹی سہانا کے ساتھ گُزارے گئے خوبصورت اور یادگار لمحات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔

ان دنوں شاہ رخ خان اور ان کی فیملی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے کیونکہ اُن کے بڑے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ منشیات کیس میں گرفتار کیا تھا۔

جہاں آج شاہ رخ خان اور اُن کی فیملی منشیات کیس میں آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر خصوصی عدالت کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں تو وہیں اداکار کے مداح بھی فیصلے کے انتظار میں بےتاب ہیں۔

ایسے میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ’ایس آر کے فین‘ پیج کی جانب سے ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں شاہ رخ خان کو اپنے بڑے بیٹے آریان اور بیٹی سہانا کے ساتھ چند حسین یادیں بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو بالی ووڈ کنگ کی مختلف ویڈیوز کا مجموعہ ہے جس میں جِم سے لیکر، فلموں کے سیٹ پر تصاویر کھینچنے سے لیکر کرکٹ میچوں میں شرکت تک کے شاہ رخ خان اور اُن کے بچوں کے یادگار لمحات دکھائے گئے ہیں۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداح کی جانب سے کہا گیا کہ ’ہماری دُعائیں شاہ رخ خان کے ساتھ ہیں۔‘

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی میں شاہ رخ خان نے کئی بار اپنے انٹرویوز میں یہ بات کہی ہے کہ اُن کے بچے اُن کے بہترین دوست ہیں اور وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گُزارنا بےحد پسند کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ آج ممبئی کی ایک خصوصی عدالت آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی جبکہ عدالت نے گزشتہ ہفتے اپنا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔

تازہ ترین