• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورشید شاہ 25 ماہ بعد سکھر جیل سے رہا، جیالوں نے استقبال کیا

سکھر (بیورورپورٹ ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو 25ماہ بعد سکھر سینٹرل جیل سے ضمانت پر رہا ہوگئے، جیل کے باہر بڑی تعداد میں جیالوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میں پی پی کا سچا جیالا ہوں جو کسی صورت پیچھے نہیں ہٹ سکتا، مجھے جھکانے کی بار ہا کوششیں کی گئیں مگر وہ ناکام رہے ،شکوہ نہیں کہ مجھے جیل میں کیوں ڈالا،سازشیں کیں مجھے پارٹی سے الگ دکھایا جائے،حکومت نااہل عوام دشمن،مہنگائی کا طوفان، لوکل ایکشن نہیں کراسکتے پتہ ہے ووٹ لینے جائیں گے تو جوتے پڑینگے۔تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کو 25ماہ بعد سکھر جیل سے ضمانت پر رہا ہوگئے، جیل کے باہر کارکنوں نے پی پی رہنما کا استقبال کیا ، بھنگڑے ڈالے اور خورشید شاہ کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ خورشید شاہ کو گاڑیوں کے بڑے جلوس میں جیل سے انکی رہائش گاہ لے جایا گیا۔ اس موقع پر خورشید شاہ جیالوں کے نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیتے رہے۔اس سے قبل خورشید شاہ کو آج صبح سکھر کی احتساب عدالت لے جایا گیا تھا جہاں پر انہوں نے انہیں ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے تھے جسکے بعد انہیں واپس جیل لایا گیا جہاں سے انہیں رہا کردیا گیا، سپریم کورٹ نے دو روز قبل ان کی نیب کی جانب سے ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس میں ضمانت منظور کی تھی۔ تاہم احتساب عدالت کی جانب سے سپریم کورٹ کے آرڈر کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے انکی رہائی میں ایک دن کی تاخیر ہوئی۔

تازہ ترین