کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے فیصل آباد نے ایک ایکسچینج کمپنی جو مبینہ طور پر ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث تھی، چھاپہ مار کر مقدمہ درج کرلیا ہے مگر حیرت انگیز طور پر کوئی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ ایف آئی اے فیصل آباد کو اطلاع ملی تھی کہ سمندری میں واقع ایک ایکسچینج کمپنی غیر قانونی کرنسی کے لین دین اور ہنڈی حوالے میں ملوث ہے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر کی اجازت سے مذکورہ کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا جہاں ریکارڈ سے یہ بات سامنے آئی کہ فیصل آباد کی ایک کمپنی کو اگست اور ستمبر میں بوگس اور جعلی انٹریز کے ذریعے 5ہزار 200امریکی ڈالرز، 47ہزار 500اماراتی درہم، 85ہزار سعودی ریال، 2ہزار 970یورو اور 500برطانوی پاؤنڈ ہنڈی حوالہ ہوئے۔ مذکورہ انکشاف کے بعد ایکسچینج کمپنی کے برانچ منیجر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا مگر کمپنی کے مالکان کو نامزد نہیں کیا گیا نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی۔ اس حوالے سے ایف آئی اے فیصل آباد سے رابطہ کیا گیا مگر کسی بھی افسر نے اس موضوع پر بات کرنے سے گریز کیا۔