• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

T20 ورلڈکپ، نیوزی لینڈ سے حساب برابر، پاکستان 5 وکٹ سے کامیاب

T20 ورلڈکپ، نیوزی لینڈ سے حساب برابر، پاکستان 5 وکٹ سے کامیاب


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک اور شاندار اور پراعتماد کارکردگی کے ساتھ نیوزی لینڈ سے پنڈی میں سیریز ادھوری چھوڑنے کا حساب بر ابر کردیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12مرحلے کے میچ کو بدلے کا میچ قرار دیا گیا تھا۔ 

پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑنے پر پی سی بی اور کھلاڑیوں کے ساتھ حکومت بھی ناراض تھی۔ فاسٹ بولر حارث رئوف کے تباہ کن اسپیل ، شعیب ملک اور آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ 

بھارت کے بعد مسلسل دوسرا میچ جیت کر پاکستان اپنے گروپ میں ٹاپ پر آگیا۔ ایک موقع پرہدف مشکل دکھائی دے رہا تھا لیکن تجربہ کار شعیب ملک اور جارح مزاج آصف علی نے48 رنز کی شراکت 23گیندوں پر قائم کی اور باآسانی ٹیم کو جیت دلوادی۔ 

آصف علی جن کی سلیکشن پر تنقید ہورہی تھی انہوں نے 12گیندوں پر27 رنز کی دھواں دار اننگز تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے کھیلی۔ شعیب ملک نے20گیندوں پر27 رنز بنائے انہوں نے ایک چھکا اوردو چوکے مارے۔ 

شعیب ملک کی کارکردگی کو دیکھنے کے لئے ان کی بھارتی بیوی ثانیہ مرزا بھی شارجہ اسٹیڈیم میں موجود تھیں۔ پاکستان نےٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ دی اور کیوی ٹیم نے8وکٹ پر134رنز بنائے۔ 

پاکستان نے ہچکولے کھانے کے بعد ہدف آٹھ گیندیں پہلے پورا کرلیا۔ مچل سینٹنر کے آخری اوور میں شعیب ملک نے اپنے طویل تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 15 رنز حاصل کر لیے اور اس وقت پاکستان کو دو اوورز میں نو رنز درکار تھے ۔ 

آصف علی نے ٹم ساؤتھی کو دو لگاتار چھکے مارے اوراوسط نیچے لے آئے۔ حارث رؤف نے اپنے کرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں ۔ 

پاکستان کا تیسرا میچ جمعے کی شب ابوظبی میں افغانستان کے خلاف ہوگا۔ ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹسمین نے محتاط آغاز فراہم کیا، کپتان بابر اعظم9 جبکہ فخر زمان اور محمد حفیظ 11، 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

کووے نے حفیظ کا ناقابل یقین کیچ لیا ۔ محمد رضوان نے 34 گیندوں پر 33 رنز بنائے ۔ عماد بھی 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اکتوبر 2019 میں سری لنکا کے خلاف 47 کی اننگز کے بعد سے ابتک 12 اننگز میں ان کا بہترین اسکور صرف 20 رنز رہا ہے۔ 

پاکستانی بولرز نے بھارت کے خلاف میچ جیسی فارم برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیا۔ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک کیوی کو آؤٹ کیا۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 17 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کا شکار بنے اور مچل 27 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جب کہ جمی نیشم صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ 

کپتان کین ولیمسن کو 25رنز پر حسن علی نے رن آؤٹ کردیا ۔ ڈیوڈ کونوے بھی 27 رنز پر ہمت ہارگئے۔ گلین فلپس کی اننگز کا خاتمہ 13 رنز پر حارث رؤف نے کیا۔ ٹم سفرٹ 8 رنز بناسکے۔

تازہ ترین