چمن میں پاک افغان بارڈر باب دوستی کو بند ہوئے 22 روز ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہر قسم کی دو طرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت معطل ہے، وزیر خارجہ کی قیادت میں گزشتہ روز کابل جانے والے وفد کا آج اسلام آباد میں پاک افغان بارڈر سے متعلق اجلاس ہوگا۔
چمن میں کسٹم اور ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گزشتہ روز دورۂ کابل سےواپسی پر پاک افغان بارڈر کھولنے، افغانستان کیلئے نئی ٹریڈ پالیسی و آمدورفت سے متعلق اعلانات کا نوٹیفیکیشن نہیں ملا ہے۔
وزیرخارجہ کی قیادت میں گزشتہ اعلیٰ سطحی وفد سرحدی مسائل کے حل کے لئے کابل میں افغان عبوری وزیراعظم سے ملاقات کے بعد واپسی پر پاک افغان بارڈر 24گھنٹے ٹریڈ، 12 گھنٹے پیدل آمدورفت کیلئے کھولنے سمیت کئی اعلانات کیے تھے۔
چمن چیمبر کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کے قیادت میں گزشتہ روز کابل جانے والے وفد کا آج اسلام آباد میں پاک افغان بارڈر سے متعلق جائزہ اجلاس ہوگا جس میں دورۂ کابل کے بعد نئی سرحدی پالیسی پیش رفت کا امکان ہے۔
کمشنر اسپین بولدک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دو نکات اتفاق رائے تک باب دوستی بند رہے گا۔