لاہور سے اسلام آباد جانے والے کالعدم تنظیم کے مارچ نے وزیر آباد میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے۔
دریائے چناب پر مارچ کے شرکاء کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، اطراف میں خندقیں کھود دی گئیں۔
وزیر آباد سے سیالکوٹ اور گوجرانوالہ جانے والے راستے بھی رکاوٹیں لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں۔
گوجرانوالہ میں ٹرین اور انٹر نیٹ سروس اب تک معطل ہے لیکن شہر میں زندگی معمول پر آنے لگی ہے۔
شہر میں دکانیں کھل گئیں، پیٹرول کی فراہمی بھی بحال ہو گئی، لاہور جانے والے راستے بھی کھل گئے۔
ادھر راولپنڈی میں کالعدم تنظیم کے احتجاج کے پیشِ نظر رکاوٹوں کے باعث شہری زندگی 11 روز سے متاثر ہے۔
مری روڈ کے اطراف کاروباری مراکز اور بیشتر تعلیمی ادارے بند ہیں۔
فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں طرف کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، مسافر پیدل سفر پر مجبور ہیں، جبکہ مریضوں کو ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔