وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے اہم خطاب کیا جس میں انہوں نے 120 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کے اعلان سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی۔
’ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر قوم سے خطاب‘
وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اس اہم خطاب میں روایت کے برعکس ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر خطاب کیا ۔
اس سے قبل عمران خان سمیت ماضی میں جتنے بھی وزرائے اعظم آئے وہ میز کے سامنے کرسی پر بیٹھ کر قوم سے مخاطب ہوتے رہے ہیں۔
’24 منٹ کھڑے ہو کر خطاب‘
وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے 24منٹ کھڑے ہو کر خطاب کیا ، وزیر اعظم عمران خان نے شام پانچ بج کر 27منٹ پر قوم سے اپنے خطاب کا آغاز کیا اور پانچ بج کر51منٹ پر اختتام کیا ۔
’کالعدم ٹی ایل پی کا کوئی ذکر نہیں کیا‘
بدھ کو قوم سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی ) کے احتجاج سے پیدا ہونے والی صورتحال اور طے پانے والے معاہدے کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا۔
اپنے خطاب میں عمران خان معیشت سبسڈی پروگرامز ، پٹرولیم مصنوعات ، گیس بحران سمیت اہم امور پر کھل کر بولے تاہم ٹی ایل پی کے معاملے پر انہوں نے خاموشی سادھے رکھی۔