• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت آخری میچ میں فاتح، نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست


پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہونے والی بھارت نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کا اختتام جیت پر کردیا۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے آؤٹ ہوچکی ہے اور اب اپنے آخری شیڈول میچ کے بعد وطن روانہ ہوجائے گی۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ بھارت نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بنائے۔

بھارتی بولرز نے ایک اور کمزور حریف کو دبوچ لیا، جہاں نمیبیا سے صرف پی ایس ایل میں اپنا کمال دکھانے والے ڈیوڈ ویسا ہی 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

دیگر بلے بازوں میں اسٹیفن بارڈ 21 رنز بنا سکے اس کے بعد بہترین رنز بھارت کی جانب سے دیے گئے 17 فاضل رنز تھے۔

بھارتی بولرز میں سے ایشوین اور جاڈیجا نے 3، 3 جبکہ بومرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں دونوں بھارتی اوپنرز نے نصف سنچریاں بنائیں، جس میں سے کے ایل راہول 54 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ روہیت شرما 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

اننگز کے دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین سوریا کمار یادیو تھے جنہوں نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

نمیبیا کے جین فرینکلن ایک وکٹ لے سکے جبکہ بھارت کے رویندرا جاڈیجا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت کو گروپ میں بڑی ٹیمیوں پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے ساتھ ہی اس کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے تھے۔

دوسری جانب اس نے اسکاٹ لینڈ اور افغانستان کو شکست دے کر اپنی بقا کی جنگ لڑنے کی کوشش کی لیکن کیویز کے ہاتھوں افغان ٹیم کی شکست کے بعد یہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

نمیبیا نے پہلے مرحلے میں آئرلینڈ جیسی ٹیم کو شکست دے کر اپنے لیے سپر 12 کی راہ ہموار کی تھی، جبکہ اس نے دوسرے مرحلے میں اسکاٹ لینڈ کو زیر کیا تھا تاہم اسے افغانستان، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

تازہ ترین