کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد سندھ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر جنرلز اقبال احمد لغاری اور اورنگزیب اکبر پنھور و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں رواں مالی ماہ جولائی 2021 سے ماہ اکتوبر 2021 تک ٹیکس وصولی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں ماہ اکتوبر تک مجموعی طور پر 40958.930 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی مدت میں 28335.300 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 3530.545 ملین روپے ٹیکس ، انفرااسٹرکچر سیس کی مد میں 34031.672ملین روپے جبکہ پروفیشنل ٹیکس اور کاٹن فیس کی مد میں بالترتیب 312.187 اور 65.129ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جائیداد ٹیکس کی مد میں 1127.792 ملین روپے جبکہ انٹرٹینمٹ ڈیوٹی کی مد میں 7.728 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔