ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کے سینئر وزراء کو کل طلب کرلیا، جبکہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے حکومت اور اتحادی جماعتوں کی ملاقات کل ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کل دن 11 بجے ہوگا، اجلاس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چوہدری و دیگر شریک ہوں گے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی اور مشترکہ اجلاس بلانے سے متعلق حتمی فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے پر بھی بات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کو ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی ، جبکہ حکومتی وفد اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گا۔