• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں فضائی آلودگی، پی ڈی ایم اے پنجاب کا بڑا اقدام

لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اہم قدم اٹھالیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں دفاتر کے 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کو یقینی بنانے کے احکامات دیے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں تمام نجی دفاتر آئندہ احکامات تک 50 فیصد ملازمین کے گھر سے کام کو یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتظامی ادارے 25 نومبر تا 15 جنوری گاڑیوں میں کمی کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری 50 فیصد گاڑیاں متعلقہ محکمے کے سیکرٹریٹ میں کھڑی رہیں گی، جن کی سیکرٹریٹ میں موجودگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان کے کمشنرز سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی یقینی بنائیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صنعتی یونٹ دھوئیں پر کنٹرول کی نگرانی کے لیے کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں جبکہ اسکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن بچوں کی50 فیصد ٹرانسپورٹ سے پک اینڈ ڈراپ یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 200 روپے جرمانہ ہوگا، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر 50 ہزار روپے، زیگ زیگ کے بغیر بھٹوں کو 50 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دھوئیں کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کو بھی 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا جبکہ مذکورہ نوٹیفکیشن آئندہ احکامات تک لاگو رہے گا۔

تازہ ترین