خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش نے کہا ہے کہ پشاور میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی مقبولیت بے نقاب ہوگئی۔
پی ڈی ایم جلسے سے متعلق بیان پر کامران بنگش نے کہا کہ پشاور کے ناکام جلسے نے پی ڈی ایم کی غیرمقبولیت بےنقاب کردی۔
انہوں نے کہا کہ 25 جماعتوں کا اتحاد بمشکل ڈھائی سو افراد کا جلسہ کرسکا، ایک ماہ کی تیاریوں کے بعد پی ڈی ایم کے ساتھ کھودا پہاڑ نکلا چوہا والا معاملہ ہوا ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی سیاست میں کرپٹ اور لٹیروں کی کوئی جگہ نہیں، یہاں کے عوام نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مسترد کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جان لینا چاہیے کہ خیبرپختونخوا عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، صوبے بھر میں وزیراعلیٰ کے طوفانی جلسے عمران خان پر اعتماد کا مظہر ہیں۔
کامران بنگش نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کو خیبرپختونخوا میں امیدوار بھی نہ مل سکیں گے۔