پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے پہلے ہی بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان سے خوفزدہ تھی۔
گزشتہ دنوں انضمام الحق نے ایک نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ پر تبصرہ کیا۔
انضمام الحق نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم میچ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستانی ٹیم سے خوفزدہ تھی، اگر آپ ٹاس کے موقع پر ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا انٹرویو دیکھیں تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ کس پر دباؤ تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ہماری ٹیم کی باڈی لینگویج ان کے مقابلے بہت بہتر تھی، ایسا نہیں ہے کہ روہیت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت دباؤ میں تھا بلکہ روہیت شرما خود دباؤ میں تھے، یہ واضح تھا کہ تمام بھارتی کھلاڑی شدید دباؤ میں تھے۔‘
انضمام الحق کو لگتا ہے کہ پاکستان کی شکست کے بعد بھارتی ٹیم کا دباؤ اتنا زیادہ تھا کہ ٹیم شکست سے سنبھلنے میں ناکام رہی۔
سابق کپتان نے کہا کہ ’بھارتی ٹیم کبھی بھی اس طرح نہیں کھیلتی جس طرح انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلا ہے، وہ ایک اچھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ بھارت کی گزشتہ 2 سے 3 سالوں کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو وہ فیورٹ تھے۔‘
انضمام الحق نے مزید کہا کہ ’پاکستان سے ہارنے کے بعد، بھارت پر اس قدر تنقید ہوئی کہ وہ مزید میچ ہارتے گئے۔‘