• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو بدقسمت کہہ دیا۔

سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے پر ہم نیوزی لینڈ کو کریڈٹ دیں یا بھارت کو بدقسمت کہیں، یہ واضح تھا کہ نیوزی لینڈ میچ نہیں جیت سکتا کیونکہ اسکور زیادہ تھا۔‘

انضمام الحق نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ نیوزی لینڈ کو اس پچ پر دن بھر بیٹنگ کرنے کا کریڈٹ دیا جانا چاہیے، نیوزی لینڈ کی تعریف کی جانی چاہیے کیونکہ  ولیمسن کے علاوہ ان کی صفوں میں کوئی اسٹار بلے باز نہیں ہے لیکن اُن کے تمام کھلاڑیوں نے مشترکہ کوشش کی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہے کہ نیوزی لینڈ کے کسی ایک کھلاڑی نے بڑا سکور بنایا بلکہ جو بھی بلے باز آیا اس نے اپنی ذمہ داری بہت احسن طریقے سے نبھائی۔‘

سابق دائیں ہاتھ کے بولر نے بھی ٹیم انڈیا کے بلّے بازوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’ان سے بہت توقعات ہیں‘۔

سابق کپتان نے کہا کہ ’دوسری طرف بھارت کے لیے یہ مایوس کن ہے، میں نے نہیں سوچا تھا کہ نیوزی لینڈ اس بھارتی باؤلنگ اٹیک کے خلاف پانچویں دن تک بیٹنگ کرے گا۔‘

انضمام الحق نے کہا کہ ’بھارت کو انہیں بولڈ آؤٹ کرنا چاہیے تھا، جڈیجا نے اپنے چار وکٹوں کے لیے اچھی بولنگ کی لیکن مجھے تمام بھارتی باؤلرز سے بہت زیادہ امید تھی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے یقین تھا کہ میچ پہلے دو سیشنز میں ختم ہو جانا چاہیے تھا۔‘

واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کانپور میں ہونے والا ٹیسٹ سنسنی خیز لمحات میں داخل ہونے کے بعد ڈرا ہوگیا تھا۔

جہاں بھارتی ٹیم کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی وہاں خراب روشنی کے باعث کھیل کو روکنا پڑا اور چونکہ میچ کا آخری دن تھا اس لیے میچ کو ختم کردیا گیا۔ 

تازہ ترین