• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی محتسب سیکرٹریٹ کے ذیلی اور علاقائی دفاتر قائم کئے جائیں گے، فضل شکور خان

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون فضل شکور خان نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب سیکرٹریٹ کے ذیلی اور علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے تا کہ عام آدمی کو اس کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی میں آسانی ہو۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون نے صوبائی محتسب خیبر پختونخوا کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے تحت محتسب سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا کو باہمی امور چلانے اور ترقی کیلئے ابتدائی طور پر کئی اہم اقدامات کیے جائینگے ۔ جس کے تحت سب سے پہلے پشاور میں ایک محتسب کمپلیکس قائم کیا جائیگاجس کیلئے مناسب اراضی حاصل کی جائیگی۔صوبائی محتسب کی طرف سے وزیر قانون کو بتایا گیا کہ ʼʼکے پی انفورسمنٹ آف ویمنز رائٹس ٹو پراپرٹی ایکٹ 2019ʼʼ کے نفاذ کے بعد شکایات کی چھان بین اور نمٹانے کے اختیارات بھی محتسب سیکرٹریٹ خیبرپختونخوا کو دے دیے گئے ہیں۔ جبکہ خواتین کو کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے خلاف خیبر پختونخوا تحفظ خواتین (ترمیمی) ایکٹ، 2018، کے تحت مقدمات کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ان مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے آسامیوں اور متعلقہ ہیومن ریسورس کی تخلیق کا معاملہ محکمہ خزانہ کے ساتھ جلد فائنل کردیا جائے گا تاکہ انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آسکے۔فضل شکور خان نے کہا کہ اکثر شکایت کنندگان انتہائی غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کے پاس شکایت درج کرانے اور اس کی پیروی کرنے اور کیس کی سماعت کے لیے پشاور کے دفتر میں حاضر ہونے کے لیے بہت کم وسائل ہوتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے محتسب سیکرٹریٹ کے ذیلی اور علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے تاکہ عام لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے ذریعے ریاست کے زیر انتظام اداروں میں ان کے اعتماد کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
تازہ ترین