• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ واقعے پر شاہد آفریدی کا ردّ عمل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے سیالکوٹ کے افسوسناک واقعے پر ردّعمل سامنے آگیا ہے۔

شاہد آفریدی نے سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر ردّعمل دیتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ لکھا۔

سابق کپتان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جس نے کسی ایک انسان کا قتل کیا گویا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ سیالکوٹ کا بھی استعمال کیا جبکہ صارفین کی جانب سے اس افسوسناک واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی گئی تھی۔

مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تازہ ترین