• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد کا ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے تین رکنی سیکیورٹی وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران بریفنگ لی۔

وفد میں بنجامن کارل اولیور، گرینڈن جیرارڈ اور سٹورٹ اینڈریو بیلی شامل ہیں۔ 

اجلاس میں آسٹریلین سیکیورٹی وفد، پی سی بی اور رینجرز حکام، کمانڈنٹ ایس ایس یو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی نے وفد کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان اور خاص طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز سے متعلق کیے گئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی آئی جی مقصود احمد نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے، جدید ہتھیاروں اور مواصلاتی نظام سے لیس ایس ایس یو کی SWAT ٹیم کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔

وفد نے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے متوقع میچز کے تناظر میں ایئرپورٹ، اسٹیڈیم، شاہراہوں اور ہوٹل پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

مزید برآں وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پیشہ وارانہ معیار برقرار رکھنے اور پولیس کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے ممکنہ کرکٹ میچوں کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وفد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لے گا۔

تازہ ترین