• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی کاروبار کی بنیاد رکھنے والا ہر شخص، جسے کارپوریٹ دنیا میں ’انٹرپرینیور‘ کہا جاتا ہے، وہ کامیابی کا خواب دیکھتا ہے، حالاں کہ ہر انٹرپرینیور کے لیے کامیابی کا پیمانہ اور تشریح مختلف ہوتی ہے۔ کچھ انٹرپرینیورز کے لیے کامیابی کا مطلب مایوس صارفین کو مداحوں میں تبدیل کر نا ہوسکتا ہےتو کچھ کے نزدیک سات اعداد کی آمدنی کامیابی قرار پائے گی۔

اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کامیابی کی تعریف کیسے کرتے ہیں، ایک چیز یقینی ہے: آپ کامیابی حاصل کرنے کے لیے اچھے مشوروں کی تلاش میں رہتے ہیں اور یہ وہ جگہ ہے جہاں کتابیں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ یہ کوئی راز نہیں کہ دنیا کے کامیاب ترین لوگ باقاعدگی سے کتابیں پڑھتے ہیں۔ آپ انہیں ’لیڈر ریڈرز‘ کہہ سکتے ہیں۔ اور وہ ثابت کرتے ہیں کہ اگر آپ دانش اور حکمت حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو آپ اسے اپنے سخت شیڈول کے باوجود حاصل کر سکتے ہیں۔ ذیل میں کاروباری دنیا میں کامیابی کے لیے چند مفید کتابوں کا جائزہ پیشِ خدمت ہے۔

Lies, Damned Lies, and Marketing

کاروبار میں کامیابی کے لیے مارکیٹنگ کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ لیکن مارکیٹنگ کے ساتھ ساتھ کچھ دوسری چیزیں بھی ہیں جو آپ کے کاروبار کو عروج تک پہنچائیں گی۔ ییل یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ اتل منوچا نے اپنی کتاب Lies, Damned Lies, and Marketingمیں یہی بات سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ 

اتل کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں مختلف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور اپنی کتاب کے ذریعے اسٹارٹ اَپس اور انٹرپرائزز کو ان کی مارکیٹنگ حکمت عملی سے متعلق مفید مشورے دیتے ہیں۔ اس کتاب میں، وہ ان وجوہات کی نشاندہی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے بہت سی کمپنیاں مارکیٹنگ سے نتائج حاصل نہیں کر پاتی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک جدید کمپنی مارکیٹنگ کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتی۔ مارکیٹنگ آپ کی کمپنی کو کامیابی کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہے اور اس بنیاد پر آپ نے اسے اوپر لے جانا ہے۔

The Exit-Strategy Playbook

بہت سارے انٹرپرینیورز کی یہ حکمتِ عملی ہوتی ہے کہ انھیں ہمیشہ اسی کاروبار میں نہیں رہنا، اس کا مطلب یہ ہے کہ انھوں نے کاروبار کو منافع بخش سطح پر لاکر کسی بھی دلچسپی رکھنے والے گروپ یا شخص کو فروخت کردینا ہے۔ لیکن کیا آپ کے پاس کوئی ایسی گائیڈ بک ہے جس پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنی کمپنی کو دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش بناکر پیش کرسکیں؟ اس کتاب میں مصنف ایڈم کوفی نے کسی بھی کاروبار کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور پھر اسے فروخت کرنے کے بنیادی قوانین مرتب کیے ہیں۔ 

اس کتاب میں وہ بتاتے ہیں کہ کاروبار سے آمدنی کیسے بڑھائی جائے، اعلیٰ کارکردگی کا کلچر کیسے پروان چڑھایا جائے اور ایسا شاندار فریم ورک کیسے ترتیب دیا جائے کہ اس کی بنیاد پر کاروبار بلندیوں کو چھوتا چلا جائے۔ ایڈم کوفی کے قوانین اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ آپ جب کبھی اپنے کاروبار کوفروخت کے لیے پیش کریں گے، آپ سرمایہ کاروں کو اسے ہاتھوں ہاتھ خریدنے کے لیے بے تاب پائیں گے۔

Brands Don't Win

اس کتاب میں مصنف اسٹین برنارڈ کہتے ہیں کہ آپ کو ہر وقت پہلے سے متعین کردہ قوانین پر ہی عمل درآمد نہیں کرتے رہنا۔ وہ بتاتے ہیں کہ، اپنے اپنے شعبہ میں وہی کمپنیاں نمایاں مقام حاصل کرتی ہیں جو ’ذرا ہٹ کے‘ کچھ کرتی ہیں۔ 

اگر اسٹار بکس اور پیلوٹون نے بھی اپنے اپنے شعبہ کے متعین کردہ اصولوں اور طریقہ کار کے تحت کاروبار کیا ہوتا تو وہ کبھی بھی نمایاں حیثیت حاصل نہ کرپاتیں۔ آپ نے روایات کو اُکھاڑ کر دور پھینکنا ہے اور از سرنو تخلیق کرنا ہے۔

Detox

زہرآلودگی کسی بھی کمپنی میں آسکتی ہے، جس میں آپ کی کمپنی بھی شامل ہے۔ اس کتاب میں مصنفہ میلنی پمپ ان تمام عناصر، اجزاء، رویّوں اور ثقافتی رجحانات کی نشاندہی کرتی ہیں جو آپ کی کمپنی کو کامیاب ہونے سے روکتے ہیں۔ 

میلنی خود ایک غیرمتوقع پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں۔ ہائی اسکول ’ڈراپ آؤٹ‘ ہونے کے باوجود انھوں نے بہترین اور بدترین لیڈرشپ عادات کو پڑھ کر اور سیکھ کر کارپوریٹ سیڑھیاں چڑھیں اور اپنے لیے بلند مقام حاصل کیا۔

The Five Lost Superpowers

جب آپ چھوٹے تھے تو آپ کچھ بھی بن جاتے تھے جیسے کہ اسپائیڈر مین، وَنڈر وومن وغیرہ وغیرہ۔ اس وقت آپ کے پاس تمام سپر پاورز تھے لیکن جیسے جیسے آپ بڑے ہوتے گئے، آپ کے اندر وہ تصورات اور وہ جستجو ختم ہوتی چلی گئی۔ اس کتاب میں جان رِیڈ اور ان کے ساتھی مصنف چاہتے ہیں کہ آپ اپنی ان صلاحیتوں کو پھر سے حاصل کریں، جس کے لیے The Five Lost Superpowers سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ کتاب میں بیان کردہ پانچوں سپر پاورز کوئی جادو یا کھیل نہیں ہیں۔ 

متجسس دماغ سے لے کر ہمدرد دل رکھنے تک، یہ وہ سپر پاور خصوصیات ہیں، جن کی کاروبار میں کامیابی کے لیے آپ کو ضرورت پڑے گی۔ یہ کتاب پڑھ کر آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ کی مضبوط ترین سپرپاور خصوصیت کون سی ہے اور اسے آپ کس طرح کمپنی کے بہترین استعمال میں لاسکتے ہیں۔

تازہ ترین