• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز PSL ڈرافٹ میں کس کھلاڑی کی وجہ سے حیران ہوئی ؟

—سی ای او لاہور قلندرز، عاطف رانا
—سی ای او لاہور قلندرز، عاطف رانا

‏پاکستان سپر لیگ کی مقبول فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 7 کے لیے اچھی ٹیم بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں لیکن ڈرافٹ میں ایک پک نے ہمیں حیران کیا ، اس کے علاوہ باقی توقع کے مطابق رہا ۔

عاطف رانا نے بتایا کہ ٹم ڈیوڈ کو دوسری فرنچائز کے پک کرنے کی توقع نہیں تھی، ٹم ڈیوڈ کے لیے خوش ہیں کہ وہ پلاٹینم میں منتخب ہو گئے ، پی ایس ایل 6 کے دوسرے مرحلے میں ہم نے انہیں منتخب کیا اس کے بعد وہ دوسری لیگز بھی کھیل رہے ہیں ۔

‏انہوں نے کہا کہ ملکی ہی نہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی لاہور قلندرزکے پلیٹ فارم سے آگے بڑھے ، ان میں کیمرون ڈیلپورٹ ، ٹام بینٹن اور فل سالٹ شامل ہیں ۔

فل سالٹ لاہور قلندرز ڈویلپمنٹ ٹیم کے ساتھ کھیلے اور پھر وہ آسٹریلیا بھی ٹیم کے ساتھ گئے ، عاقب جاوید اور ثمین رانا سال بھر ٹیلنٹ کی تلاش میں رہتے ہیں اور جائزہ لیتے رہتے ہیں کہ کس کھلاڑی میں ٹیلنٹ ہے اسے سامنے لاتے ہیں ۔

‏عاطف رانا نے کہا کہ کوویڈ کی وجہ سے رکی ہو ئی کرکٹ اب ہو رہی ہے بہت زیادہ انٹر نیشنل کمٹ منٹس ہیں اس لیے انٹرنیشنل کم کھلاڑی ایونٹ میں دستیاب تھے ، جہاں تک بڑے ناموں کی بات ہے ، بڑے نام تو اب بھی دستیاب ہیں ، راشد خان اور بابر اعظم سے بڑے نام کیا ہوں گے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ٹاپ کلاس کھلاڑی ہیں ۔

‏انہوں نے کہا کہ ونڈو کا مسئلہ تو اس مرتبہ آیا کیونکہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی وجہ سے ونڈو پہلے لانا پڑی ونڈو کے مسئلے کے علاوہ جو سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ یہ ہے کہ ہم انٹر نیشنل کھلاڑیوں تک نہیں پہنچ رہے۔

ان کاکہنا تھا کہ انٹر نیشنل کھلاڑیوں تک ہمیں پہنچنے کے لیے پلاننگ کرنا ہے اس کے لیے ہارون لورگاٹ جیسے ہائی پروفائل شخص کی خدمات لیں ، انٹر نیشنل کھلاڑیوں سے رابطے کے لیے ہائی پروفائل شخص کی ضرورت ہے، جو دیگر بورڈز کے ساتھ کھلاڑیوں کے لیے رابطے کریں ۔

‏عاطف رانا نے کہاکہ بورڈز کے ساتھ کھلاڑیوں کے تبادلے پر بات کرنا ہو گی ، بابر اعظم ، شاہین آفریدی اور فخر جیسے کھلاڑیوں سے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بڑے کھلاڑیوں کا تبادلہ کریں ۔

تازہ ترین