نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں طلبہ کو مفت داخلے کی اجازت دی جائے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ ’یہ پیسہ کمانے کا وقت نہیں ہے اتنے عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی ہوم گراؤنڈز میں واپسی ہورہی ہے تو بچوں کو مفت میں میچ دیکھنے آنے دیں‘۔
وفاقی وزیر نے کراچی والوں سے بھی کہا کہ ’شہری نیشنل اسٹیڈیم آئیں اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں‘۔
انہوں نے پی ایس ایل میں شائقین کی موجودگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پی سی بی اور این سی او سی کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کورونا وائرس کے باعث صورتحال خراب نہ ہوئی تو پی ایس ایل 7 کے میچز کے دوران گراؤنڈ میں 100 فیصد حاضری کی اجازت ہوگی‘۔