• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیات کے قانون سے متعلق بدگمانیاں نہیں ہونی چاہئیں، ناصر حسین شاہ

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بلدیات کے قانون سے متعلق بدگمانیاں نہیں ہونی چاہئیں، یہ کوئی صحیفہ تو نہیں کہ اس میں ترمیم نہیں ہوسکتی، مل بیٹھ کر بات کی جاسکتی ہے، ہم سب کو ملک کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن پر بھی کچھ لوگ اپنی سیاست چمکا رہے ہیں،ہمارے لوگوں کی باتوں کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جاتی ہے، اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں، جن لوگوں نے ہجرت کی اور اردو بولنے والوں کی انتہائی عزت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک گروہ نے ان مہاجرین کا نام استعمال کرکے ان کا استحصال کیا ہے، ہم نے کبھی اکثریت یا اقلیت کی بات نہیں کی نہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کبھی اس حساب سے بات نہیں کی ہے، اس وقت اس ملک کیلئے اس طرح کے حالات مناسب نہیں ہیں، پھر اس چیز کو رنگ دیاجارہا ہے جس سے ہم جان چھڑا چکے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ کے وہ قائد جن سے آپ لاتعلقی اختیار کرچکے ہیں انکے عزائم سامنے آچکے تھے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی قربانیوں سے آج ہم سکون سے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا قانون اور ہے، کے پی کے کا قانون اور ہے، سی ایم نے اقلیت کی بات اسمبلی میں تعداد کے حساب سے کی تھی، اب اردو بولنے والے لوگ انہیں سمجھ چکے ہیں کہ کس نے ان کا استعمال کیا ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ نئے بلدیاتی قوانین میں بہت اچھی چیزیں ہیں جنہیں غلط رنگ دیا جارہا ہے، پنجاب میں نیا بلدیاتی قانون آرڈیننس کے ذریعے لایا گیا، اسمبلی میں زیر بحث نہیں لایا گیا، یوسیز کیلئے جو اختیارات واپس لیے گئے ہیں وہ تھے ہی انہی کے پاس۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ڈی ایم سیز کی، دیگر جماعتوں نے ٹاؤنز کی بات کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں حالات ٹھیک ہوں بہتری کی بات ہو، ہم اپنے صوبے میں کیا قبضہ کریں گے، ہم سب پاکستانی ہیں، ہم سب سندھی ہیں، جمہوری طریقے سے پر امن مظاہرے کا سب کو حق ہے۔

مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں گیس کی قلت شدید تر ہوگئی ہے، پورا ملک وفاقی حکومت کی نا اہلی کو بھگت رہا ہے.

انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی بے روزگاری اور بدعنوانی ہے، ادارے اپنی رپورٹس میں بتا رہے ہیں کہ ملک میں کرپشن بڑھی ہے، جبکہ موجودہ حکومت کے ہی سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بتا چکے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔

تازہ ترین