• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی کیخلاف فیصلہ کرنے سے پہلے سن لینا چاہیے، مرتضیٰ وہاب


ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ میں نے عدالت سے معافی مانگی ہے، میں بڑے احترام کے ساتھ عدالت میں اپنی بات کر رہا تھا، کسی کے خلاف فیصلہ کرنے سے پہلے سن لینا چاہیے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ عدالتوں کیلئے میرا لاکھ احترام ہے، یہ عدالت میری اپنی عدالت ہے، عدالت کا جو فیصلہ ہوگا مجھے قبول ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عدالتی کارروائی میں وقفہ آیا ہے، بریک کے بعد فیصلہ ہوگا دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی خدمت کرنا، صوبے اور شہر کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز ہے، اگر یہ اعزاز مجھے ملا تو میں کام کرتا رہوں گا۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گٹر باغیچہ کیس میں عدالت نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا جسے بعد ازاں ان کی معافی مانگنے کے بعد واپس لے لیا گیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کہا گیا تھا کہ موجودہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو عہدے سے ہٹا کر دوسرا ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا جائے۔

چیف جسٹس نے سماعت کے دوران مرتضی وہاب پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں سیاست کر رہے ہیں، گیٹ آؤٹ، چیف جسٹس نے انہیں فوری باہر جانے کا حکم دیا تھا۔

تازہ ترین