وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کو جیل میں ہونا چاہیے وہ کیا حکومت کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
شفقت محمود نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے الگ الگ ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن آئیں گے تو دیکھیں گے کس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے آصف علی زرداری سے متعلق کہا کہ انہیں تو جیل میں ہونا چاہیے یہ کیا حکومت کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کی تنظیم سازی پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی تنظیم سازی پر مشاورت ہورہی ہے پارٹی چیئرمین عمران خان ہی حتمی فیصلہ کریں گے۔
شفقت محمود نے یہ بھی کہا کہ پرویز الہٰی کو منانے کی کوئی بات نہیں وہ ہمارے بھائی ہیں، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کے طور پر ان کی پرویز الہٰی سے مکمل مشاورت رہے گی۔