ایف آئی اے امیگریشن حکام نے ملتان ایئر پورٹ پر جعلی تعلیمی دستاویزات کے ساتھ بیرونِ ملک جانے والے نوجوان کو آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ترجمان کے مطابق امیگریشن کے دوران حکام نے ایک نوجوان کو مشکوک سمجھتے ہوئے روکا، جو اسٹڈی ویزے پر آذربائیجان جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کے تعلیمی اسناد اور دیگر کاغذات چیک کیے گئے تو وہ جعلی نکلے۔
نوجوان نے بتایا کہ وہ ایجنٹ کے ذریعے آذربائیجان جا رہا تھا جہاں سے وہ یونان جانا چاہتا تھا۔
نواجوان نے مزید بتایا ہے کہ اس کام کے لیے اس نے ایجنٹ کو 50 لاکھ روپے دیے۔
ایف آئی اے حکام نے نوجوان کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سرکل آفس منتقل کر دیا ہے۔