کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے غیر معیاری و مضر صحت خوراک کی فراہمی پر کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ میں مزید 7 مراکز سیل جبکہ 4 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔ دیگر اضلاع میں بی ایف اے زونل ٹیموں کی چیکنگ کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر لورالائی میں 12 اور ڈیرہ مراد جمالی ضلع نصیر آباد میں 6 کھانے پینے کے مراکز کو جرمانے کئے گئے. جوائنٹ روڈ کوئٹہ میں 4 ، اسپنی روڈ میں ایک میٹ شاپس کو بارہا تنبیہ کے باوجود دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے و صفائی کی ابتر صورتحال پر جبکہ مرچی فوڈ پوائنٹ اور بلوچ آئسکریم اینڈ جوس کارنر کو بالترتیب صفائی کے ناقص انتظامات ، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور باسی و خراب پھل اسٹور کرنےپر سربمہر کیا گیا ، جرمانہ کئے گئے مراکز میں 2 ریسٹورنٹس ، ایک ہوٹل اور 3 میٹ شاپس شامل تھے، جن کے خلاف بی ایف اے حکام کے مطابق متفرق وجوہات و مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی ۔ لورالائی سے متصل بازار میں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے دوران معائنہ 7 جنرل اسٹورز سے مختلف زائد المیعاد اور غیرمعیاری و ممنوعہ اشیاء برآمد کر لیں، 2 میٹ شاپس ،ایک فروٹ شاپ اور ایک بیکری ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ، جن پر جرمانے عائد کرکے ناقص و زائد المیعاد اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ اسی طرح ڈیرہ مراد جمالی میں 4 جنرل اسٹورز کو بھی ایکسپائرڈ کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی ، ایک بریانی شاپ کو چائنیز نمک کے استعمال اور ایک بیکنگ یونٹ کو غیر معیاری پروڈکشن و یونٹ میں گندگی پر جرمانہ کیا گیا۔