اسلام آباد(صباح نیوز،اسپورٹس رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے چیئرمین نے کہاہے کہ کرکٹ کی نشریات نجی ٹی وی کو دینے پر تشویش ہے رکن کمیٹی اقبال محمد علی نے کہا کہ سرکاری ٹی وی نے کرکٹ نشریات کے حوالے سے نجی ٹی وی سے کنسورشیم کیا ہے ، یہ کیسا مذاق ہو رہا ہے ،سرکاری ٹی وی حکومت پاکستان کا ادارہ ہے، ایک پرائیویٹ ٹی وی کیساتھ کیسے کنسورشیم کیا جا سکتا ہے ؟، پی سی بی میں سب سے مہنگے سابق سی ای او ملک میں کرکٹ کا بیڑہ غرق کرکے گئے ہیں ، بتایا جائے وسیم خان نے استعفی کیوں دیا ، وقار یونس اور مصباح الحق بھی کنٹریکٹ پورا کئے بغیر چلے گئے؟کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو ملازمین کی تنخواہ،ٹی اے ڈی اے اور آڈٹ رپورٹ سمیت اگلے اجلاس میں طلب کر لیا ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اتھلیٹکس فیڈریشن کے سربراہوں کےبغیر بریفنگ لینے سے انکار کر دیا۔