کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے چئیرمن آفاق احمد نے کہا ہےکہ محصورین مشرقی پاکستان حب الوطنی کی مثال ہیں، اسحاق ڈار محصورین کی واپسی کا فیصلہ کریں، 2دن قبل ہونے والے بنگلہ دیش اور پاکستان کے سیکریٹریز خارجہ کے اجلاس میں بنگلہ دیش نے تعلقات کی بحالی کیلئے 2شرائط کے علاوہ تیسری شرط میں 3لاکھ پاکستانیوں کو پاکستان لانے کا مطالبہ کرکے محصورین مشرقی پاکستان کی پاکستان سے محبت اور وفاداری کو ایک بار پھر بین القوامی سطح پر ثابت کردیا۔آفاق احمدنے کہا کہ بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ نے جن3 لاکھ پاکستانیوں کا ذکر کیا ہے یہ وہی پاکستانی شہری ہیں جنہوں نے متحد پاکستان کیلئے اپنی فوج کے شانہ بشانہ پاکستان بچانے کی جدوجہد کی اور بہت بڑی تعدادمیں مردوں اور نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا،سقوط ڈھاکہ کے بعدان شہدا کے خاندانوں کے بچے بوڑھے اور خواتین جو بچ گئے انہوں نے بھی بنگلہ دیش تسلیم کرنے سے انکارکردیااور بین القوامی قوانین کے تحت پاکستان جانے کا فیصلہ کیابین القوامی قوانین کے تحت حکومت ِپاکستان بھی انہیں لانے کی پابند تھی اور ہے۔