اسلام آباد(نامہ نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت نے شادی سے پہلے دلہا دلہن کی مرضی سے تھیلیسیمیا ٹیسٹ کرانے کا بل منظور کرلیا۔ ارکان نے صحت سہولت کارڈ پر پمز میں مبینہ کرپشن کا معاملہ اٹھایا تو چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر مہیش کمار نے تحقیقات کی ہدایت کر دی،قائمہ کمیٹی اجلاس میں نرسنگ کونسل کی صدر کی ڈگری اور تقرری پر اعتراض کیا گیا،چیئرمین نے ہدایت دی کہ تحقیقات کرکے تفصیلات سے کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں آگاہ کیا جائے ،آغا رفیع اللہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نرسنگ کالجز ہیومن ٹریفکنگ میں بھی ملوث ہیں ،وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ فرزانہ ذوالفقار کی جعلی ڈگری کے خلاف ایچ ای سی کو خط لکھا جا چکا ہے اور وہ اس معاملے پر کمیٹی کو مسلسل آگاہ رکھتے رہیں گے،فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس نرسنگ کونسل کے معاملات پر ہی منعقد کیا جائے گا اور اس کے خلاف ممکنہ کارروائی پر غور کیا جائے گا۔