اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے "اڑان پاکستان انویویشن حب” کے سیزن 2 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ 10 ارب روپے مالیت کے اس قومی پروگرام کا مقصد تخلیقی سوچ، اشتراک عمل اور جدت کو فروغ دے کر پاکستان کو معاشی و سماجی ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنا ہے۔افتتاحی خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے سیزن 1 کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور اسے اپنی سوچ اور وژن کا عملی اظہار قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ دس برس میں برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے پاکستان انوویشن فنڈ کے تحت اب تک 39 منصوبوں کو 14 کروڑ 70 لاکھ روپے کی معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جنہوں نے زراعت، صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں مثبت نتائج دیئے ہیں، آئندہ دو دہائیوں میں ہمیں صرف رفتار پکڑنی نہیں بلکہ آگے نکلنا ہے، اڑان پاکستان صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ ایک تحریک ہے۔ احسن اقبال نے واضح کیا کہ پاکستان کا اصل چیلنج صرف جدت نہیں بلکہ برآمدات میں اضافہ ہے۔حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ دس برسوں میں پاکستان کی برآمدات کو 32 ارب ڈالر سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک لے جایا جائے۔