• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں کی سوغات ’کینو‘ سپرفوڈ کیوں کہلاتا ہے؟

دنیا کے سب سے بہترین مالٹوں اور کینوؤں کی نسل پاکستان میں پائی جاتی ہے
دنیا کے سب سے بہترین مالٹوں اور کینوؤں کی نسل پاکستان میں پائی جاتی ہے

سردیوں میں باآسانی دستیاب کھٹا میٹھا، سٹریس پھلوں میں شمار کیے جانے والا سنگترہ، کینو، فروٹر اور مالٹوں کو طبی ماہرین کی جانب سے صحت کے لیے خزانہ قرار دیا جاتا ہے، کینو میں بے شمار غذائی اجزا پائے جانے کے سبب اسے سپر فوڈ کا درجہ بھی حاصل ہے۔

دنیا کے سب سے بہترین مالٹوں اور کینوؤں کی نسل پاکستان میں پائی جاتی ہے، یہ پھل صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ ہوتا ہے، پاکستان میں اس پھل کی متعدد اقسام جیسے کہ نارنجی، کینو، فروٹر اور مالٹے دستیاب ہو تے ہیں۔

 غذائی ماہرین کی جانب سے کینوؤں کے صحت سے متعلق بے شمار فوائد کے سبب اس موسمی پھل کے استعمال پر زور دیا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق مالٹے مجوعی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں، ان کے استعمال سے نظامِ ہاضمہ بہتر، وزن میں کمی، چہرے پر شادابی اور عمر کے ڈھلنے کا عمل سُست ہو جاتا ہے، اس میں وٹامن سی کی بھرپور مقدار پائے جانے کے سبب بلغم و کھانسی میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

اس پھل میں موجود وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط بناتا ہے جس کے نتیجے میں موسمی بیماریوں یا انفیکشن وغیرہ کے خلاف مزاحمت پیدا ہوتی ہے، کینو کا استعمال کینسر کا باعث بننے والے فری ریڈیکلز ( غیر ضروری خلیوں کی افزائش) کو بھی کم کرتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کینو اور مالٹے کھٹے ہونے کے باوجود بھی موسمی بیماریوں جیسے کے نزلہ، زکام، سردی سے چڑھنے والا بخار اور کھانسی کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔

ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ مالٹے اور کینو کو ہمشہ ایک بطور غذا، ایک وقت کے کھانے کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے، کیوں کہ یہ مکمل غذائیت سے بھرپور پھل ہے لہٰذا اس کے استعال کے نتیجے میں کسی اور معدنیات یا وٹامنز کی ضرورت نہیں رہتی ہے۔

سردیوں کے موسم میں بد ہضمی سے بچاؤ کے لیے مالٹوں کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ کمزور معدے والے افراد کو چاہیے کہ اس پھل کا باقاعدگی سے استعمال کریں اور اس موسمی پھل سے فائدہ اٹھائیں، ناشتے میں ( خالی پیٹ) اس کے استعمال سے بیش بہا فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین فٹنس و غذائی ماہرین کے مطابق کمزور جسامت رکھنے والے افراد کے لیے کینوؤں کا استعمال بہترین آپشن ہے، اس میں وٹامنز کی بھرپور مقدار اور کاربوہائیڈریٹس، گلوکوز ہونے کے سبب انسان صحت مند اور توانا رہتا ہے، کینو کے استعمال سے خون کی کمی دور اور جسامت میں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ بے رونق چہرے پر رونق، شادابی اور بالوں، جِلد، ناخنوں کی بہتر صحت کے لیے کینو بے حد فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، کینو میں پائے جانے والا پروٹین جِلدی انزائم ’کولیجن‘ کی مقدار متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے بالوں اور جِلد کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق یہ پھل حاملہ خواتین کے لیے بھی سپر فوڈ کی سی حیثیت رکھتا ہے، فولک ایسڈ کی کمی بچوں کے پیدائشی وزن میں کمی کا باعث بنتی ہے، مالٹوں میں موجود وٹامنز بی اور فولک ایسڈ دوران حمل فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، کینو کے استعمال سے بچوں کی صحت بہتر اور ماں کا حمل محفوظ گزرتا ہے۔

صحت سے مزید