کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ فاسٹ بولر فہیم اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم میں پاور ہٹنگ کوچ لانے کی حمایت کردی ۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں پاور ہٹنگ کے کوچ کی تقرری سے ٹیم کو فائدہ ہو گا ۔ کوچ آنے سے باؤنڈریز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر آل راؤنڈرز کے ساتھ ان تمام بیٹرز کو بھی فائدہ ہوگا جو لمبی اور اونچی ہٹ لگانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہٹنگ کرتے وقت تکنیک میں بعض خامیوں کی وجہ سے باؤنڈری پر کیچ ہوجاتا ہے۔ پاور ہٹنگ کوچ ان خامیوں کو دور کرنے میں مدد دے سکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا مڈل آرڈر بہت اچھا ہے ، اعظم خان بھی ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں ۔ حسن علی کی پرفارمنس بھی اچھی رہی ہے، وہ میرے اچھے دوست بھی ہیں۔ خواہش ہے کہ اس پی ایس ایل میں بھی اچھی کارکردگی دکھا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں ۔خوشی ہے کہ ایک بار پھر پاکستان میں پی ایس ایل کا میلہ سج رہا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ ہونے سے کراؤڈ کی بہت سپورٹ ملتی ہے۔