پیرس، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں اومیکرون کے پھیلاو کے بعد کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ہے،بھارت میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے ایک لاکھ 59 ہزار 632 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 327 افراد ہلاک ہوگئے، بھارت کی کئی ریاستوں میں نئی پابندیاں عائد کردی گئیں،چین کے شہر تیانجن میں اومیکرون کیسز رپورٹ ہونے پر تمام آبادی (ایک کروڑ 40لاکھ افراد)کی کورونا ٹیسٹنگ شروع کر کے لوگوں کو بلا ضرورت شہر سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے،افریقی یونین کا کہنا ہے کہ افریقا میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے ، جاپان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد امریکی فوجی اڈوں سے غیر ضروری آمدو رفت پر پابندی لگادی گئی ہے ، اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بیننٹ نے کہا ہے کہ ملک کی 40فیصد آبادی کے کورونا کی رواں لہر میں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، ان کے مطابق 20سے 40لاکھ افراد کورونا میں مبتلا ہوسکتے ہیں، دوسری جانب دنیا بھر میں نئی پابندیوں کیخلاف احتجاج بھی زور پکڑتا جارہا ہے ،بلجیم میں ہزاروں افراد کورونا کی نئی پابندیوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، فرانس، جرمنی، آسٹریا اور اٹلی میں کورونا ویکسین کیخلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں، فرانسیسی میں ایک لاکھ لوگوں نے ویکسین پاس کیخلاف ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سوئمنگ پولز، جمز، اسکولز اور کالجز 15 فروری تک بند کردیے گئے، مکمل ویکسی نیشن کروانے والوں کو ہی دفاتر میں کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ دفاتر میں حاضری نصف رکھنا ہوگی، ریاست گجرات میں رات کے اوقات میں کرفیو کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔ جاپان میں کورونا پھیلاؤ روکنے کے لیے امریکی فوجی اڈوں پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی اڈوں میں کورونا پھیلاؤ مقامی کمیونیٹیز میں کورونا کیسز بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے امریکی فوجی اڈوں سے غیرضروری آمدورفت پر پابندی پر امریکا سے اتفاق ہوگیا ہے۔ آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ روز کورونا سے اب تک کی سب سے زیادہ 16 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ روز کورونا کے 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ چین میں گزشتہ روز کورونا کے 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں مقامی منتقلی کے 92 کیسز شامل ہیں۔