کابل (جنگ نیوز) افغانستان کی انڈر 19 ورلڈ کپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا، ایونٹ شروع ہونے میں تین دن رہ گئے، ٹیم کو ویزہ نہ مل سکا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل اور بدھ کو شیڈولڈ افغان انڈر 19 ٹیم کے وارم اپ گیمز منسوخ کردیئے ۔ افغان ٹیم کو انگلینڈ اور عرب امارات کے خلاف وارم اپ میچز کھیلنا تھے۔ویزہ کے حصول میں تاخیر کی وجہ سے افغانستان ٹیم اب تک ویسٹ انڈیز نہیں پہنچی ہے،جبکہ آئی سی سی کاکہنا ہے کہ افغان کرکٹرز کے ویزہ کا معاملہ حل کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئی سی سی نے کہاکہ افغانستان بورڈ سے رابطے میں اور ٹیم کو جلد از جلد سفر کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 14 جنوری سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا۔آئی سی سی کے مطابق وارم اپ میچز منسوخ نہیں کیے گئے ہیں، اب انگلینڈ کی ٹیم امارات کے خلاف منگل کو میچ کھیلے گی۔